میں اپنی پوتر محبت کو کسی سیپ میں قید کر کے کسی گمنام سمندر کی عمیق گہرائی میں پھینک دینا چاہتا ہوں
جسے کوئی، کبھی تلاش نہ پائے!
میں اپنی محبت کو کسی بوسیدہ کتاب کے حنائی ورق پر طلسمی روشنائی سے ایک داستان کی صورت میں نقش کر کے اسے کسی زمانہِ قدیم کے صندُوق میں ایک حکایت بناکر مخفی رکھنا چاہتا ہوں!
"جو اگر کوئی۔۔۔۔۔ کوئی حاصل کر بھی لے تو اس کے باوصف اس پر تحریر شدہ میری محبت کی چھاپ نہ دیکھ پائے"!
میں اپنی محبت کو پورب کی سمت اُگتے پاکیزہ سفید پھولوں کی نکہت میں گھول دینا چاہتا ہوں!
"میں چاہتا ہوں کسی طلسماتی دیس سے اڑتا ہوا ایک ققنس میرے پاس آئے اور میں اسے اپنی محبت کا راز سونپ دوں،
اور وہ اپنے آخری دم تک اس رازِ محبت کو اپنے قلب کے وسط میں منظوم کرتا رہے اور جب اس کا آخری وقت آئے تو وہ لکڑیوں کے وسعت میں بیٹھے دیپک راگ میں گُنگنا دے اس راز کو"!
اور پھر اس راگ کو ارد گرد موجود ہر ذی روح اپنے وجود میں سما لے! یوں کہ وہ سب اس محبت کو محسوس تو کر پائے لیکن اس محبت کا وجود سب کی نگاہوں سے پوشیدہ ہی رہے!
پتا ہے میں اپنی محبت کو پراسرار کیوں رکھنا چاہتا ہوں!
"کیونکہ مجھے اپنی محبت کا تقدس سدا قائم رکھنا ہے
میں اس محبت کو روح القدس کی مانند پاک رکھنا چاہتا ہوں!
میں نہیں چاہتا میری محبت کبھی اس آب و گٗل کی بھینٹ چڑھے یا اس پر کسی تہمت کا کلنگ لگے کبھی!
ہاں اس لیے میں اس پوتر محبت کو سب سے پوشیدہ رکھنا چاہتا ہوں!
0 Comments