مہذب قوم اور صفائی کا فقدان!
پچھلے دنوں لاہور کے ملتان روڈ سے گزر ہوا۔ آگے چتی گاڑی میں ایک فیملی جارہی تھی۔ کچھ دیر بعد ان کی گاڑی کا شیشہ نیچے ہوا اور بچوں نے کھانے پینے کی اشیا کا کوڑا صاف سڑک پر پھینک دیا۔یہ صرف ایک مرتبہ نہیں، متعدد بار دیکھنے میں آتا ہے کہ شہری کچھ کھاٸیں پیٸیں تو اس کے ریپرز سڑک پر پھینک دیتے ہیں اور پاکستان میں یہ معمول کی بات ہے۔اسلام میں صفائی کو خاص اہمیت اور مقام حاصل ہے اور ہمارے لوگ اس صفائی سے مراد جسمانی اور گھر کی صفائی لیتے ہیں۔ صرف خود کو پاک صاف رکھنے اور اپنے گھروں کو صاف رکھنے سے یہ فریضہ مکمل نہیں ہو جاتا بلکہ اپنے اردگرد اور ماحول کو صاف رکھنا بھی اسی زمرے میں آتا ہے۔ حدیثِ مبارکہ میں آتا ہے
””صفائی نصف ایمان ہے““۔
گلی محلّوں، چوکوں چوراہوں، سڑکوں اور بازاروں میں پھیلا گند کوٸی اور نہیں بلکہ ہم ہی پھیلاتے ہیں۔ کوٸی چیز کھاٸی تو کوڑا وہیں پھینک دیا، چلتے چلتے پاٶں مار کر پڑے ہوٸے کوڑے کو بکھیر دیا، گھر کا کوڑا سڑک یا خالی پلاٹ میں پھینک دیا، یہ مہذب قوموں کا شعار نہیں ہے۔پاکستان ہمارا وطن ہے، اس کا خیال اسی طرح رکھیں جس طرح اپنے گھر کا رکھتے ہیں۔ اس وطن کو اپنا گھر سمجھیں! گھروں میں صفائی کا خیال رکھتے ہوٸے جس طرح اپنے بچوں کو گھروں میں گند پھیلانے سے روکتے ہیں، کوڑا کوڑےدان میں پھنکتے ہیں، روز صفائی کرتے ہیں، اسی طرح باہر بھی گندگی نہ پھیلاٸیں! بچوں کو یہ سیکھاٸیں کہ اگر باہر کوٸی چیز کھاٸیں تو اس کا ریپر سڑک یا گلی میں پھینکنے کی بجائے اس ریپر کو پکر کر رکھیں اور جہاں کوڑےدان نظر آٸے اس میں پھینکیں ورنہ گھر آکر کوڑےدان میں ڈالیں۔ پارک اور گھومنے پھرنے کی جگہوں کو صاف رکھیں بلکہ اگر کہیں گند نظر آٸے تو اسے بھی اٹھاٸیں!
بچے ہمیشہ وہی عادات اپناتے ہیں جو وہ بڑوں کو کرتے دیکھتے ہیں۔ سب سے پہلے آپ خود کو کوڑا کوڑےدان میں ڈالنے کا عادی بنائيں تاکہ خودبخود آپ کی تقلید کریں۔ ہمارے اردگرد کا ماحول بحیثیت قوم ہمارے مہذب چہرے پر بدنما داغ ہے۔ گلی محلّوں، سڑکوں اور بازاروں کو صاف کرنا اور ان کی صفائی کا خیال رکھنا صرف حکومتوں یا مخصوص اداروں کا کام نہیں بلکہ بحیثیت قوم اور ذمہ دار شہری ہمارا فرض ہے ۔ آج سے عہد کریں کہ گند اور کوڑا بازاروں اور سڑکوں پر نہیں پھینکیں گے اور بچوں کو بھی اس کی تلقین کریں گے۔ اگر کوٸی آپ کے سامنے گند پھیلا بھی رہا ہو تو آپ خود اس گند کو اس کے سامنے اٹھا کر کوڑےدان میں پھینکیں تاکہ اس کو بھی شرمندگی ہو اور وہ دبارہ ایسی حرکت سے پرہیز کرے۔ ہم پاکستانی ایک مہذب قوم ہیں اور ہمیں اس کا عملی طور پر ثبوت بھی دینا چاہیے۔
ڈاکٹر حمزہ احمد صدیقی
_DRHAMZASID@
0 Comments